محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج سے مون سون بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ ادارے کے مطابق خلیج بنگال پر موجود ہوا کا کم دباؤ مون سون کی سرگرمیوں کو مزید تیز کرے گا، جس کے نتیجے میں آج سے منگل تک اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
اسی طرح کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں بھی آج سے 22 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں، اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاوڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔
ایڈوائزری کے مطابق ضرورت پڑنے پر دفعہ 144 لگا کر سیاحوں کو ان علاقوں میں جانے سے روکا جائے۔