محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں برس موسمِ سرما معمول سے کم سرد رہنے کا امکان ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق نومبر، دسمبر اور جنوری کے دوران درجہ حرارت عمومی اوسط سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
خاص طور پر شمالی علاقوں میں سردی گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کم شدت کی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال موسمِ سرما میں بارشیں بھی معمول سے کم ہونے کا امکان ہے، البتہ جنوری کے آخر میں ایک بارش کا سلسلہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم بارشوں کے باعث پنجاب اور بالائی سندھ میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ فضائی معیار بھی متاثر رہنے کا خدشہ ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بحیرۂ عرب میں ایک ڈپریشن موجود ہے جو کراچی سے تقریباً 1800 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، تاہم اس موسمی نظام کے پاکستان کے ساحلی علاقوں پر کسی قسم کے اثرات متوقع نہیں۔
انجم نذیر نے مزید بتایا کہ مڈغاسکر کے قریب ایک سمندری طوفان موجود ہے، اس سمندری طوفان کے باعث بحیرہ عرب میں ڈپریشن میں شدت آنےکاامکان نہیں۔