محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخواہ میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا

  • اپ ڈیٹ:
موسلادھار بارش کا الرٹ جاری فائل فوٹو موسلادھار بارش کا الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کا امکان 5 سے 11 جولائی تک جاری رہنے کا امکان پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری، سیاح موسمی صورتحال کے  پیش  نظر  احتیاطی  تدابیر  ضرور  اختیار کریں۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، کولائی پالس کوہستان، تورغر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈی آئی خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

جبکہ دریائے چترال، دریائے سوات، دریائے پنجکوڑہ اور دریائے کابل میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، دیر، چترال، شانگلہ، کوہستان، ملاکنڈ اور مانسہرہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حساس علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر الرٹ کیا جائے جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

install suchtv android app on google app store