ضلع خیبر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

ضلع خیبر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک فائل فوٹو ضلع خیبر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

ضلع خیبر میں محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

محکمہ انسداددہشت گردی خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ انسدادِ دہشت گردی ضلع خیبر کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ داعش خوراساں کا لوکل کمانڈر فضل نور دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ علاقہ لالہ چینہ دوسارکےعلی مسجد پر موجود ہے اور بڑی دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہے۔

سی ٹی ڈی ضلع خیبر نے اطلاع کو مصدقہ جان کر ٹیم بمعہ دیگر نفری جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر فوراً موقع کی طرف روانہ ہوئے، جیسے ہی نفری علاقہ لالہ چینہ دوسارکے علی مسجد پر پہنچی تو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔

سی ٹی ڈی ٹیم نے اپنی حفاظت اور دہشت گردوں کو قابو کرنے کی خاطر جوابی فائرنگ شروع کی ، جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔

فائرنگ رک جانے کے بعد دورانِ سرچ اینڈ کلیئر نس آپریشن تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے، ہلاک دہشت گرد محمد نعیم عرف عبدالناصر و محمد کریم ساکنان کرک چمکنی خودکش دھماکے کے ماسٹر مائنڈ تھے۔

اعلامیے کے مطابق دہشتگردوں سے تین ایس ایم جیز، بارہ میگزین بمعہ 135 کارتوس اور تین بنڈولیئر برآمد ہوئے، رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے کمانڈر فضل نور اور دیگر دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے۔

سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ بھاری نفری موقع پر پہنچ کر فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

install suchtv android app on google app store