لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 دیگر بہادر جوانوں کی شہادت کے واقعے میں ملوث دہشتگرد کو ہلاک کر دیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز ملک بھر میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ یاد رہے کہ 2 روز قبل اورکزئی میں کیے گئے سکیورٹی آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ میجر سمیت 11 جوان شہید ہوئے تھے، جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 19 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب انجام دیا گیا، جس میں 11 بہادر جوانوں نے جان قربان کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی بھارتی پراکسی دہشتگرد فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں پر کی گئی، اور فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 19 بھارتی سرپرست دہشتگرد ہلاک کیے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کررہے تھے، سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت نے بھی جام شہادت نوش کیا۔