نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ کیسپر ویلڈکیمپ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ غزہ پر اسرائیلی فوجی حملوں کے خلاف مزید سخت اقدامات اور اضافی پابندیوں کے لیے کابینہ کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
اپنے بیان میں ویلڈکیمپ نے اعتراف کیا کہ وہ کابینہ کے دیگر اراکین کو اسرائیل کے خلاف مزید مؤثر اور عملی اقدامات پر آمادہ نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا: "میں دیکھ رہا ہوں کہ غزہ میں کیا کچھ ہو رہا ہے۔ اگرچہ حکومت نے ماضی میں کئی اقدامات کیے ہیں، مگر مزید اقدامات کی کوششوں پر مجھے بار بار مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔"
ان کا کہنا تھا کہ نیدرلینڈز کو اب تک کیے گئے اقدامات پر افسوس نہیں ہونا چاہیے، تاہم موجودہ حالات میں مزید بامعنی اقدامات ضروری ہیں۔
ویلڈکیمپ کا استعفیٰ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب یورپ کے کئی ممالک فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر سخت ردعمل دے رہے ہیں، جبکہ نیدرلینڈز میں بھی عوامی سطح پر احتجاج جاری ہے۔
گزشتہ ہفتوں میں نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں ہزاروں شہریوں نے غزہ کے شہید بچوں کی یاد میں 8 ہزار جوتے رکھ کر منفرد احتجاج کیا تھا۔
جس کا مقصد عالمی برادری کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف عملی اقدامات پر مجبور کرنا تھا۔