گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا، اور بابوسر، نانگا پربت اور بٹوگاہ کی چوٹیوں پر وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق 12 سے زائد گاڑیاں برف میں پھنس گئی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے سوات، دیر اور کالام کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی، جبکہ اپر ہزارہ ڈویژن میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری نے سردی میں اضافہ کر دیا، اور دن کے وقت بھی رات جیسا موسم رہا۔
ایوبیہ، نتھیاگلی اور چھانگلہ گلی سمیت بالائی گلیات میں 2 سے 3 انچ برف پڑ چکی ہے۔
مظفرآباد سے وادی نیلم تک بھی بارش اور برفباری سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔