الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان حکومت کے مالی وانتظامی اختیارات منجمد کر دیئے

  • اپ ڈیٹ:
الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان حکومت کے مالی وانتظامی اختیارات منجمد فائل فوٹو الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان حکومت کے مالی وانتظامی اختیارات منجمد

الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان نے انتخابات سے قبل سیاسی جوڑ توڑ کی روک تھام اور عوامی سطح پر بڑھتی ہوئی تشویش کے پیشِ نظر حکومت کے مالی اور انتظامی اختیارات منجمد کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی مدت 24 نومبر کو ختم ہو رہی ہے اور الیکشن کمیشن کا آئینی فرض ہے کہ وہ جی بی میں عام اور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرے اور اس بات کو یقینی بنائےکہ انتخابات ایمانداری، انصاف، دیانتداری اور قانون کے مطابق منعقد ہوں، ساتھ ہی انتخابی عمل کو بدعنوانی سے بھی محفوظ رکھا جائے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عام عوام نے حساس انتخابی دور میں مختلف محکموں میں سرکاری افسران و اہلکاروں کی تعیناتیوں، ترقیوں اور تبادلوں کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان اقدامات نے یہ خدشات پیدا کیے کہ یہ فیصلے سیاسی مقاصد کے تحت کیے جا رہے ہیں، جو عوام کے انتخابات کے عمل پر اعتماد کو کمزور کر سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ ان خدشات پر غور و خوض کے بعد، گلگت بلتستان الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ انتخابی مدت کے دوران ایسی تعیناتیاں، ترقیاں اور تبادلے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی ممکنہ کوشش ہو سکتے ہیں، یہ تاثر انتخابات کے عمل کی غیرجانبداری، شفافیت اور دیانتداری پر عوامی اعتماد کو کمزور کر سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے عوامی تشویش کا بغور مشاہدہ کیا کہ ترقیاتی فنڈز کو منظور شدہ منصوبوں سے ہٹا کر سیاسی نوعیت کی اسکیموں میں استعمال کیا جا رہا ہے، جو کہ انتخابات سے قبل سیاسی فائدے اور امیدواروں کے درمیان مساوی مواقع کو متاثر کر سکتا ہے۔

مزید کہا گیا کہ حکومتی معاملات میں غیرجانبداری اور انصاف کو یقینی بنانے، عوام کے انتخابی عمل پر اعتماد کو بحال رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن کا اپنے قانونی اختیارات کو استعمال کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔

ان اقدامات کا مقصد تمام امیدواروں کو برابری کی سطح پر مواقع فراہم کرنا، الیکشن کی شفافیت، غیرجانبداری برقرار رکھنا اور ریاستی وسائل کو انتخابی فائدے کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے حکم دیا کہ تمام سرکاری محکموں، اداروں یا تنظیموں میں کسی بھی قسم کی نئی بھرتی یا تقرری پر فوری طور پر پابندی عائد کی جاتی ہے، ماسوائے ان بھرتیوں کے جو فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جا رہی ہوں، یا جن کے ٹیسٹ اور انٹرویوز مکمل ہو چکے ہوں، یا پھر جہاں عوامی مفاد میں بھرتی ناگزیر ہو۔

 انہوں نےکہا کہ کوئی نیا ترقیاتی منصوبہ، کمیونٹی پر مبنی اسکیم یا اعلان شدہ پراجیکٹ اس وقت تک شروع، عملدرآمد یا الاٹ نہیں کیا جائے گا جب تک نئے انتخابات منعقد نہ ہو جائیں اور نئی حکومت تشکیل نہ پا جائے۔

پہلے سے مختص ترقیاتی فنڈز کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرنے پر مکمل پابندی ہوگی اور ایسے تمام فنڈز فوری طور پر منجمد تصور ہوں گے۔

مزید ہدایات دی گئیں کہ سرکاری افسران و اہلکاروں کے تبادلوں یا تقرریوں پر پابندی ہوگی، عوامی مفاد میں انتہائی ناگزیر مواقع پر الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری لینا ضروری ہوگی۔

کوئی سرکاری عہدیدار یا منتخب نمائندہ انتخابی پیریڈ کے دوران کوئی بھی نیا منصوبہ یا ترقیاتی اسکیم کے اعلان یا افتتاح نہیں کر سکے گا۔

انتخابی نتائج کے باضابطہ اعلان تک بلدیاتی اداروں کے تمام ترقیاتی فنڈز فوری طور پر منجمد رہیں گے، البتہ انتہائی ہنگامی یا عوامی مفاد کے معاملات میں ان فنڈز کے استعمال کی اجازت صرف جی بی الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری سے دی جا سکتی ہے۔

جاری منصوبوں کے لیے مختص فنڈز صرف منظور شدہ پلاننگ مینوئل اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی(پیپرا) کے قواعد کے مطابق، کسی قسم کی تبدیلی کے بغیر استعمال کیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ انتخابی مدت کے دوران کسی بھی نئے انتظامی یونٹ، سب ڈویژن یا دیگر علاقائی اکائی کے قیام، تبدیلی یا اعلان کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔

 

 

کسی بھی نئے عہدے کی تخلیق کی تجویز جی بی فنانس ڈیپارٹمنٹ کو نہیں بھیجی جائے گی، اسی طرح، ری ڈیزائنیشن، اپ گریڈیشن یا نئی تخلیق کے کسی کیس پر کارروائی نہیں ہوگی، سوائے ان معاملات کے جو مکمل طور پر جائز اور کمیشن کی پیشگی منظوری سے ہوں۔

نئے مینٹیننس ورک کے لیے اضافی فنڈز جاری کرنے پر پابندی ہوگی، ماسوائے ان معاملات کے جو عوامی مفاد میں انتہائی ہنگامی نوعیت کے ہوں اور کمیشن کی منظوری کے بعد ہی کیے جائیں۔

جب تک نئی صوبائی حکومت تشکیل نہ پائے، اُس وقت تک کوئی بھی نئی پالیسی، ہدایت نامہ، قاعدہ یا ضابطہ جاری نہیں کیا جا سکے گا، آخر میں کہا گیا کہ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذالعمل ہوگا اور آئندہ عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات کے مکمل ہونے تک مؤثر رہے گا۔

install suchtv android app on google app store