صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو ترقی، انصاف اور مساوات کی مثال بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ آج (ہفتہ) گلگت بلتستان کے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ نہ صرف پاکستان کے سر کا تاج ہے بلکہ ہماری شمالی گزرگاہ اور چین کے ساتھ پائیدار دوستی کی علامت بھی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے گلگت بلتستان میں روزگار، تجارت اور روابط کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر وادی اور گائوں میں سب کیلئے مشترکہ خوشحالی لانے کیلئے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
گلگت بلتستان کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس خطے کی آزادی ہمیں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے ناتمام سفر کی یاد دلاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کے پرچم تلے آزادی اور حقوق حاصل ہیں جبکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو جابرانہ تسلط کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ زندگی نہیں گزارتے پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔