ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا فائل فوٹو محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا

محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیش تر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، خیبرپختونخوا کے بیش تر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، اور شانگلہ میں بارش کی پیشگوئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، اور گجرات میں بارش متوقع ہے، سندھ میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں موسٰی خیل، بارکھان، خضدار، ژوب، قلات میں بارش کی توقع ہے، جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ادھر سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، گڈو بیراج پر پانی کی آمد 5 لاکھ 81 ہزار 86 کیوسک، اور پانی کا اخراج 5 لاکھ 53 ہزار 559 کیوسک ہے۔

سکھر بیراج پر پانی کی آمد 5 لاکھ 71 ہزار 800 کیوسک، اور پانی کا اخراج 5 لاکھ 58 ہزار 120 کیوسک، کوٹڑی بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 853، اخراج 2 لاکھ 89 ہزار 98 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے سندھ میں اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ہے، نوشہروفیروز میں منجٹھ میں کئی زمینداری بند ٹوٹ گئے ہیں، اور سیلابی پانی دیہاتوں میں داخل ہو گیا ہے، اور کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں۔

install suchtv android app on google app store