وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں بارش کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر آج عام تعطیل کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ گزشتہ 12 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 245 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث شہر کا نظام زندگی مفلوج اور ٹریفک شدید متاثر ہوا۔
موسلادھار بارش سے کراچی کی سڑکیں زیرآب آگئیں، کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ مختلف حادثات میں 8 افراد جان سے گئے۔
اہم شاہراہوں کو جزوی طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید بارشوں کے امکان کے پیش نظر عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے عام تعطیل کا فیصلہ کیا اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی۔
خیال رہے کہ کراچی میں منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے جاری بارش سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے اور مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے کل شہر میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔