محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں مون سون کا نیا اسپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کردی۔ شدید بارشوں کا امکان، ندی نالوں میں طغیانی اور شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ، مون سون کا نیا سپیل اٹھائیس سے اکتیس جولائی تک ہوگا۔
وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات کے مطابق چیئرمین این ایچ اے نے افسران اور عملے کو نئی ہدایات جاری کردیں۔
انہوں نے تمام افسران کو دفاتر چھوڑ کر فیلڈ میں رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افسران فیلڈ میں رہیں اور حالات پر مسلسل کڑی نظر رکھیں۔
تمام افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، تمام افسران اپنے ایمرجنسی ریسپانس پلان تیار رکھیں۔
کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ایمرجنسی پلان پر فوری عملدرآمد شروع کر دیں۔
متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، ناگہانی صورتحال میں این ایچ اے کا ریسپانس فوری اور نتیجہ خیز ہونا چاہیے۔
این ایچ اے کے افسران کی جانب سے سست روی اور تاخیر ناقابلِ برداشت ہوگی۔
چیئرمین این ایچ اے نے شمالی علاقوں میں مصروف عمل این ایچ اے ٹیموں کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ھدایات بھی جاری کردیں۔
شمالی علاقوں میں شاہراہوں پر تمام رکاوٹیں دور کرنے تک میدان عمل میں رہیں، گزشتہ روز جگلوٹ اسکردو روڈ کی سلائیڈنگ کے باعث ہونے والی بندش کو بھی دور کردیا گیا ہے۔