پنجاب سمیت ملک بھر میں تباہ کن بارشیں جاری ہیں۔ لاہور ، شیخوپورہ ، فیروز والا میں آٹھ افراد جان سے چلے گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں دو اور پانچ سالہ معصوم بچے بھی شامل ، اموات چھتیں گرنے اور بجلی کرنٹ لگنے سے ہوئی۔
ڈی جی خان میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوا، آسمانی بجلی گھر پر گری، مختلف حادثات میں پچاس کے قریب زخمی بھی ہوئے ہیں۔
لاہور ٹیکسالی اور نشتر کالونی میں گھر کی چھت گر نے سے دو شخص جاں بحق چھ افراد زخمی ہوئے، مال روڈ کے قریب درخت گرنے سے ایک راہگیر جان کی بازی ہا ر گیا۔
ریسکیو کے مطابق ، حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت 42 سالہ حارث کے نام سے ہوئی ہے ، کشمیری گیٹ میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے بھی ایک بچہ جاں بحق ہوا۔
طوفانی بارشوں سے شیخوپورہ، میں چھت گرنے سے 2 بچے ، اور فیروزوالہ میں کرنٹ لگنے سے نوجوان موت کے آغوش میں چلے گئے۔
لاہور ، سرگودھا ، وہاڑی ، ڈیر ہ غازی خان ، اٹک ، سمیت مختلف علاقوں چھتیں اور دیواریں گرنے سے حادثات میں خواتین ، بچوں سمیت پچاس کے قریب افراد زخمی ہوئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بھی 26 جولائی سے ملک بھر میں ہونے والی اموات کی تعداد جاری کر دی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مختلف حادثات میں 87 افراد جاں بحق جبکہ 149 زخمی ہوئے خیبرپختونخوا میں 30 ، پنجاب میں 29 ، سندھ میں 16 ، بلوچستان میں 11 افراد جان سے چلے گئے۔
کشمیر میں ایک فرد کی موت رپورٹ کی گئی۔