ملک بھر میں مون سون کا آغاز ہوگیاہے ، محکمہ موسمیات نےآج سے 10 جولائی تک تیز بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ مون سون سسٹم 10 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش برساتا رہے گا۔
اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کراچی میں آئندہ دو روز ہلکی بارش ہوگی، 8 جولائی سے بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ تربیلا ڈیم میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلیات، مری اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا اندیشہ بھی موجود ہے۔
بالائی اور وسطی سندھ کے نشیبی علاقوں میں بھی سیلابی پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔