محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ایک بار پھر 29 اگست تا 2 ستمبر بارشوں کی پیش گوئی کردی، پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اگست تا 2 ستمبر ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعلامیے کے مطابق 29 اگست تا 2 ستمبر کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسیات کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، بنوں، لکی مروت، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں بارش ہوگی۔
اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد ، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، سرگودھا میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مٹھی، تھر پارکر، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلات، اور خضدار میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔