شوبز انڈسٹری کے نوجوان اداکار ثمر جعفری نے بالی ووڈ میں عالیہ بھٹ کے ساتھ ڈیبیو کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔
ثمر جعفری نوجوان اور باصلاحیت پاکستانی اداکار اور موسیقار ہیں جو اپنی اداکاری کے چند پروجیکٹس بشمول مائی ری اور پرورش کے لیے مشہور ہیں۔
شائقین نے مائی ری میں ان کی اداکاری کی تعریف کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا اور اس وقت کے کئی مشہور اشتہارات میں بھی نظر آئے۔
حالیہ انٹرویو میں ثمر جعفری نے اپنے خوابوں والے ہندوستانی ستاروں، تعاون اور پروجیکٹ کو شیئر کیا۔
ثمر جعفری نے کہا کہ میں عالیہ بھٹ کے ساتھ اپنا بالی ووڈ ڈیبیو کرنا چاہتا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ میں اسٹوڈنٹ آف دی ایئر جیسی فلم کرنا پسند کروں گا کیونکہ میں اس وقت کرن جوہر کی فلموں کا شوق رکھتا ہوں جس میں وہ کالج کے طلبا کو اپنے کلاسیکی رومانوی انداز میں ہیرو کے طور پر دکھاتے ہیں۔
کھیل سے متعلق انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی ان کے ہمیشہ کے لیے پسندیدہ بھارتی کرکٹر رہے ہیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ میں دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پنجابی گانا اور کاوش کے ساتھ ایک رومانوی گانا گنگنانا پسند کروں گا۔