ایشیا کپ فائنل سے قبل ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا جب شعیب اختر نے لائیو ٹی وی پر نوجوان بھارتی اوپنر کے بارے میں بات کرتے ہوئے غلطی سے ابھیشیک شرما کی بجائے بالی وڈ اسٹار ابھیشیک بچن کا نام لے لیا۔
یہ واقعہ ایک کرکٹ ٹاک شو کے دوران پیش آیا، جہاں شعیب اختر پاکستان کی فائنل میں بھارت کے خلاف کارکردگی پر تبصرہ کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا، ’اگر پاکستان ابھیشیک بچن کو جلد آؤٹ کر دے، تو مڈل آرڈر کا کیا ہوگا؟ ان کا مڈل آرڈر اچھا نہیں کھیل رہا۔‘
شو کے میزبان اور دیگر مہمانوں نے فوراً وضاحت کی کہ شعیب اختر ابھیشیک شرما کے بارے میں بات کر رہے تھے۔
جو حالیہ میچوں میں شاندار فارم میں ہیں اور مسلسل نصف سنچریاں بنا رہے ہیں۔ تاہم، بالی وڈ اسٹار کا نام لینے کی یہ غلطی فوراً وائرل ہو گئی۔
ابھیشیک بچن، جو اپنے مزاحیہ انداز اور سوشل میڈیا پر سرگرمی کے لیے جانے جاتے ہیں۔
انہوں نے X (سابقہ ٹویٹر) پر جواب دیتے ہوئے لکھا: ’سر، عزت کے ساتھ، یہ ممکن ہی نہیں کہ وہ ایسا کرپائیں اور میں خود بھی کرکٹ کھیلنے میں اچھا نہیں ہوں۔‘
ابھیشیک کے اس طنز آمیز جواب نے صارفین کو محظوظ کیا اور میچ کی ڈسکشن میں ایک مزیدار موڑ لے آیا۔
ادھر، ایشیا کپ فائنل میں پاک بھارت کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ روایتی فوٹو شوٹ منسوخ ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اب تک بھارت نے جاری ایشیا کپ میں پاکستان کو دو بار شکست دی ہے: گروپ مرحلے میں سات وکٹوں سے اور سپر فور میں چھ وکٹوں سے۔
اس کے باوجود شعیب اختر کا ماننا ہے کہ موجودہ پاکستان ٹیم بھارت کو کڑی ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
شعیب اخترکا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف فتح کا ایک اہم عنصر اوپنر ابھیشیک شرما کو جلد آؤٹ کرنا ہے، جو اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔