صارف کی متنازع پوسٹ پر اداکار عثمان خالد کا طنزیہ رد عمل

اداکار عثمان خالد بٹ فائل فوٹو اداکار عثمان خالد بٹ

ڈراما سیریل ’جمع تقسیم‘ کے ایک وائرل منظر میں شوہر کے خیال نہ رکھنے پر ایک صارف نے بیوی پر تنقید کی، جس کے بعد اداکار عثمان خالد بٹ نے طنزیہ انداز میں ردعمل دیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

ڈراما ’جمع تقسیم‘ ان دنوں سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ یہ ڈراما مشترکہ خاندانی نظام کی تلخ حقیقتوں کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کرتا ہے۔

گزشتہ ہفتے نشر ہونے والی قسط کا ایک منظر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا، جس میں قیس اپنی بیوی لیلیٰ پر گھریلو ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر ناراض دکھائی دیا۔

قیس نے کہا کہ لیلیٰ دن بھر کچھ نہیں کرتی، نہ ناشتہ بناتی ہے، نہ کھانا تیار کرتی ہے اور نہ ہی اس کے جوتے، موزے یا بیلٹ کا خیال رکھتی ہے۔ اس نے شکایت کی کہ شادی سے پہلے اسے گھر میں بادشاہوں کی طرح رکھا جاتا تھا، لیکن شادی کے بعد اس کی زندگی بالکل بدل گئی۔

اس سین کے وائرل ہونے کے بعد ایک صارف نے سوشل میڈیا پر ایک فہرست شیئر کی، جس میں ایسی خصوصیات کا ذکر تھا جو کسی لڑکی میں ہونی چاہئیں تاکہ اسے شادی کے قابل سمجھا جائے۔

صارف کے مطابق، ایسی لڑکی سے شادی نہیں کرنی چاہیے جو شوہر کے لیے ناشتہ نہ بنائے، روزمرہ ضروریات منظم نہ رکھ سکے، جوتے اور موزے صاف نہ کرے، ٹائی باندھنا نہ جانتی ہو، گھریلو کاموں میں کمزور ہو یا روایتی اقدار کی پاسداری نہ کرے۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے اس پوسٹ کو طنزیہ انداز میں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فہرست کچھ کمزور ہے اور وہ اسے مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایک طویل طنزیہ فہرست بھی شیئر کی، جس میں مبالغہ آمیز مثالوں کے ذریعے معاشرے کی دقیانوسی سوچ کا مزاق اُڑایا گیا۔

اداکار کی فہرست میں نکات شامل تھے جیسے: ایسی لڑکی سے شادی نہ کریں جو حیا کے تڑکے کے بغیر انڈہ نہ تلے، اور یہ نہ سمجھے کہ کوئی مرد، خدا نہ کرے، واشنگ مشین بھی چلا سکتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ وہ تمہاری ماں کے واٹس ایپ میمز پر زور سے نہ ہنسے، تمہارے رشتہ داروں کو اس طرح سلام نہ کرے جیسے ویزے کے لیے درخواست دے رہی ہو، جب مہمان بغیر اطلاع کے آئیں تو خود بخود کباب جی میں تبدیل نہ ہو جائے اور اگر اس نے کبھی اپنی ساس کو ‘امی جان’ کے بجائے ‘آنٹی’ کہا ہو تو وہ قطعاً ناقابلِ قبول ہے۔

install suchtv android app on google app store