ٹی وی ناظرین سے متعلق علی انصاری کا بڑا دعویٰ

اداکار علی انصاری فائل فوٹو اداکار علی انصاری

اداکار علی انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ناظرین عام طور پر جذباتی اور حقیقت کے قریب ڈرامے دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں، ایسے ڈرامے جن میں معاشرتی مسائل اور خاندانی تعلقات کی عکاسی کی گئی ہو۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران، پروگرام ہنسنا منع ہے میں شرکت کرتے ہوئے علی انصاری نے اپنی ذاتی اور فنی زندگی کے حوالے سے کئی دلچسپ گفتگو کی۔

علی انصاری نے کہا کہ باپ بننے کے بعد ان کی زندگی میں بڑی تبدیلی آئی ہے، بیٹی کا باپ بننا ایک ناقابلِ بیان احساس ہے، اور اس سے ان کے اندر ذمہ داری کا شعور پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں اپنی بیٹی کو زیادہ سے زیادہ اسکرین سے دور اور کتابوں کے قریب رکھیں تاکہ اس کی تربیت متوازن ہو اور وہ مطالعے کی عادت اپنائے، ساتھ ہی وہ اسے کھیلوں میں بھی دلچسپی دلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اداکار نے ایک واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ یوٹیوب پر ان کی موت سے متعلق جھوٹی خبر وائرل ہوگئی تھی، جس سے ان کے گھر والے اور رشتہ دار سخت پریشان ہو گئے اور خیریت معلوم کرنے کے لیے مسلسل فون آتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف ویوز حاصل کرنے کے لیے اس طرح کی جعلی ویڈیوز اپ لوڈ کرنا اور کسی کی شہرت یا نجی زندگی سے کھیلنا نہایت غیر اخلاقی اور افسوسناک عمل ہے۔

پروگرام میں انہوں نے اپنے مقبول ڈراموں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’رنگ محل‘ اور ’کفارہ‘ دونوں جیو انٹرٹینمنٹ کے کامیاب ڈرامے تھے، جنہیں الگ الگ تقریباً دو ارب ویوز ملے، جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے۔

علی انصاری کا مزید کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ ناظرین زیادہ تر وہ ڈرامے پسند کرتے ہیں جن میں شدتِ جذبات سے بھرپور محبت کی کہانیاں ہوتی ہیں۔

جہاں کہانی کا آغاز لڑکے کے لڑکی کو گھیرنے اور لڑکی کے نخرے دکھانے سے ہوتا ہے، جب کہ گہری محبت پر مبنی کہانیاں ناظرین کو اتنی پسند نہیں آتیں۔

install suchtv android app on google app store