بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر برائے پارلیمانی امور کیلاش وجے ورگیا نے آسٹریلوی ویمن کرکٹرز کے ساتھ پیش آئے نازیبا واقعے پر متنازع بیان دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو ہی اس کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ دو روز قبل بھارتی شہر اندور میں آسٹریلیا کی دو ویمن کرکٹرز کو اس وقت جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ ہوٹل سے کیفے ٹیریا جا رہی تھیں۔
موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص نے ان میں سے ایک کھلاڑی کے ساتھ نازیبا حرکت کی اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو بعد میں گرفتار کرلیا۔
تاہم واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے بی جے پی کے رہنما اور ریاستی وزیر کیلاش وجے ورگیا نے کہا کہ آسٹریلوی ویمن کرکٹرز نے بغیر اطلاع باہر جا کر “غلطی” کی، اور اب وہ اس واقعے سے “سبق سیکھیں گی” اور آئندہ زیادہ احتیاط کریں گی۔
وزیر کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کو جنم دیا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات میں متاثرہ خواتین کو ذمہ دار ٹھہرانا نہ صرف افسوسناک بلکہ غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔
بھارتی وزیر نے مزید کہا کہ آسٹریلوی ویمن کھلاڑیوں سے بدتمیزی کا واقعہ سکیورٹی کی ناکامی بھی ہے۔
بی جے پی وزیر کے بیان پر کانگریس کا ردعمل
دوسری جانب کانگریس نے ریاستی وزیر کے بیان کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سوچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیرکیلاش وجےورگیا کا بیان ان کی سوچ کاعکاس ہے جو بتانے میں بھی گھناؤنا اور گھٹیا ہے۔
کانگریس رہنما ارون یادیو نے مزید کہا کہ پورا ملک اس ہونے والے واقعے پر سرمشار ہے۔