قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں شاہد آفریدی کا ایک ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کر دیا۔ میچ کے دوران بابر اعظم صرف دو گیندیں کھیل سکے اور بغیر کوئی رن بنائے کوربن بوش کی گیند پر پاور پلے کے آخری اوور میں آؤٹ ہوگئے۔
اس اننگز کے ساتھ بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں آٹھویں بار صفر پر آؤٹ ہونے کا شاہد آفریدی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
آٹھ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں شاہد آفریدی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
اسی فہرست میں عمر اکمل، صائم ایوب اور کامران اکمل کے نام بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ میچ میں جنوبی افریقہ نے 55 رنز سے کامیابی حاصل کی ہے۔ 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 18.1 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بوش نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ریزا ہینڈرکس نے 40 گیندوں پر 60 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کی طرف سے محمد نواز نمایاں بولر رہے، جنہوں نے 26 رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ صائم ایوب نے 37 اور نواز نے 36 رنز کی اننگز کھیلیں۔