قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا، جو مداحوں میں تیزی سے وائرل ہوگیا۔
بابر اعظم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا "شکر گزار ہوں کہ میں دوبارہ وہی کر رہا ہوں جو مجھے پسند ہے، اُن سب کا شکریہ جنہوں نے خاموشی کے وقت میرا ساتھ دیا۔
"یہ پیغام بابر کے فینز کے لیے جذباتی لمحات لے آیا، جنہوں نے ان کی شاندار واپسی اور پُراعتماد اننگز کو خوب سراہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں بابر اعظم نے 47 گیندوں پر 68 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ میں بہترین کارکردگی پر بابر اعظم کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا، جب کہ سوشل میڈیا پر ان کی ٹوئٹ کے بعد "King Babar" ایک بار پھر ٹرینڈ کرنے لگا۔
یاد رہے کہ یہ مئی 2024 کے بعد پہلا موقع تھا جب بابر اعظم نے بین الاقوامی میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔
ان کی فارم میں واپسی پر مداحوں نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا، جب کہ سوشل میڈیا پر ان کے حق میں تعریفی تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔