سندھ کے مختلف شہروں میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ٹنڈوالہ یار اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
سانگھڑ میں بھی رات گئے وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ سجاول، ماتلی، ٹنڈوآدم اور ٹنڈومحمد خان میں بھی بادل جم کر برس پڑے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج سے 3 اکتوبر تک سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہواؤں کے باعث کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور تھرپارکر سمیت کئی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔