ملک بھر میں شدید بارشیں، اسلام آباد کا بہارہ کہو اوراٹھال چوک ڈوب گیا، ڈی آئی خان میں 7 ہلاکتیں

ملک کے مختلف شہروں میں بادل پھر برس پڑے۔ فائل فوٹو ملک کے مختلف شہروں میں بادل پھر برس پڑے۔

ملک کے مختلف شہروں میں بادل پھر برس پڑے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں بہارہ کہو اٹھال چوک پانی میں ڈوب گیا۔ شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا اور کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔

اسلام آباد میں بارش کے بعد راول ڈیم کے اسپل وے کھول دیے گئے، جبکہ مارگلہ ہلز پر ٹریل 2، 3، 4 اور 5 آج بند رہیں گی۔ سید پور گاؤں کے عقب میں واقع ٹریل بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پنجاب کے شہر چیچہ وطنی، حافظ آباد، چنیوٹ، گجرات، کمالیہ، کوٹ ادو اور گوجرہ سمیت کئی علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے، خاص طور پر پشاور اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں شدید بارش ہوئی۔

ڈی آئی خان میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے دوران چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔

متعدد علاقوں میں درخت اکھڑ گئے اور تاریں ٹوٹنے کے باعث بجلی معطل ہوگئی۔ مردان میں بھی کمرے کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔

اسکردو میں آج سے تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، حکام نے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دریائے گلگت کے بہاؤ میں اضافےکے خدشہ کے پیش نظر دریا سے ملحقہ تمام ہوٹلز کو بند کردیا گیا جبکہ دریا کنارے موجود تعلیمی ادارے پیر کو بند رہیں گے۔

یاد رہےکہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 30 اگست تک ملک کے بیش تر علاقوں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر رکھا ہے ۔

install suchtv android app on google app store