کراچی میں موسلادھار بارش متوقع، میئر کراچی کی شہریوں کی خصوصی اپیل

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا فائل فوٹو کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج شہر میں 100 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔

گلستان جوہر، شاہراہ فیصل، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، کورنگی، لانڈھی، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور ملیر سمیت متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، اور مجموعی طور پر 100 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہو سکتی ہے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر بارش تیز ہو تو دفاتر، فیکٹریوں یا گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران رش بڑھنے سے افراتفری کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، جس سے نکاسی آب کے کام میں مشکلات آتی ہیں۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ بارش کے دوران کچھ دیر انتظار کریں اور فوری طور پر سڑکوں پر آنے سے گریز کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں 150 ملی لیٹر بارش کے بعد شہر میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔

جس کے باعث دفاتر سے نکلنے والے لاکھوں شہری کئی کئی گھنٹے کی تاخیر سے اپنے گھروں کو پہنچ پائے تھے۔

سیکڑوں شہریوں نے اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں سڑکوں یا محفوظ مقامات پر چھوڑ دی تھیں، کئی لوگ دفاتر میں رات گزارنے پر مجبور ہوگئے تھے۔

تاہم اگلے ہی روز شہر کے بڑے حصے میں پانی کی سطح میں کمی کے بعد صورت حال معمول پر آنا شروع ہوگئی تھی۔

install suchtv android app on google app store