خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سینئر رہنما مولانا عبدالسلام جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق چارسدہ کے تھانہ مندنی کی حدود میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے مولانا عبدالسلام کی کار پر فائرنگ کی۔ جس سے کار میں موجود مولانا عبدالسلام جاں بحق ہو گئے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال جمال آباد منتقل کیا گیا۔
واقعے سے متعلق پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی۔ اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
مقتول مولانا عبدالسلام چارسدہ کی تحصیل تنگی اینگر باڑی بند کے ایک مدرسہ کے مہتتم تھے۔ اور جے یو آئی کی صوبائی شوریٰ کے رکن تھے۔
مولانا عبدالسلام کے انتقال پر جے یو آئی کے رہنماؤں و دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ جبکہ ان کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔