سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈا پور کو وزیر اعلیٰ سے ہٹانے کی تصدیق کر دی

سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈا پور کو وزیر اعلیٰ سے ہٹانے کی تصدیق کر دی فائل فوٹو سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈا پور کو وزیر اعلیٰ سے ہٹانے کی تصدیق کر دی

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو خیبر پختونخوا کی وزارت اعلیٰ سے ہٹایا جارہا ہے۔ سلمان اکرم راجا کے مطابق سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کا نیا وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کا فیصلہ ہے جس کا پس منظر بھی بیان کیا گیا، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی بدترین صورت حال ہے، آج اورکزئی میں ہمارے جوان اور افسر شہید ہوئے، خیبرپختونخوا حکومت کو کہا گیا کہ وفاق کی غلط پالیسی سے خود کو دورے کرے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جس طرح افغان شہریوں کو بے دخل کیا گیا اس کی ضرورت نہیں تھی، بلاول بھٹو سوا سال وزیرخارجہ رہے ایک بار بھی افغانستان نہیں گئے، خیبرپختونخوا حکومت خود کو وفاق کی غلط پالیسی سے دور نہ کرسکی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے بیٹھ کر مذاکرات کریں، توقع ہے کہ سہیل آفریدی وفاقی حکومت کی رہنمائی کریں گے اور سمجھائیں گے، ہم نے اپنے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنی ہے۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین کو استعفا دینے کا حکم دیا ہے، سمجھتے ہیں کہ علی امین کے لیے بھی بہتر ہے کہ یہ عہدہ اب چھوڑ دیں، ہم نے ایک نئی پالیسی کا اعلان کرنا ہے اور نئی شروعات کرنی ہے۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کوئی دشواری نہیں ہوگی، علی امین استعفا دیں گے اور اسمبلی سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کے خلاف متعدد مقدمات بنائے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں کہ اب پیغام نورین خانم پہنچائیں گی۔ خیبرپختونخوا کے متوقع وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے، وہ پی کے 70 سے پہلی مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی بنے، سہیل آفریدی کافی عرصے تک انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پی کے صدر رہے۔

سہیل آفریدی موجودہ حکومت میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کیمونی کیشن اینڈ ورکس رہے، صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے بعد سہیل آفریدی کو وزیر برائے ہائر ایجوکیشن بنایا گیا۔ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لگائے جانے کا امکان ہے۔ ان خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ انہیں ابھی وزارت اعلیٰ چھوڑنے کی کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی، وزارت اعلیٰ پارٹی اور عمران خان کی امانت ہے، جب کہیں گے چھوڑ دوں گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب مجھے کہا جائے گا کہ وزارت اعلیٰ چھوڑ دو تو اس کی تعمیل کروں گا۔

install suchtv android app on google app store