عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

  • اپ ڈیٹ:
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور فائل فوٹو سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ سینئر سول جج مبشر حسن چشتی کی عدالت نے کیس کی سماعت کی، تاہم علی امین گنڈا پور آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے ان کی مسلسل غیر حاضری کے پیش نظر انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ کیس کی آئندہ سماعت 28 اکتوبر کو ہوگی۔ علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے جولائی سے اب تک متعدد بار علی امین گنڈا پور کے وارنٹ جاری کیے، لیکن وہ اب تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

ابتدائی طور پر جولائی سے ستمبر کے دوران ان کی غیر حاضری وزارت اعلیٰ کی مصروفیات کے سبب بتائی جاتی تھیں، تاہم اب وہ وزارت اعلیٰ سے استعفا دے چکے ہیں۔

10 ستمبر کو بھی عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور انہیں گرفتار کر کے 17 ستمبر کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

عدالت کے اس حکم کے بعد علی امین گنڈا پور کے وکیل راجا ظہورالحسن پیش ہوئے اور استدعا کی کہ وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کیا جائے، لیکن جج نے کہا کہ ملزم کو پیش کریں تو وارنٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔

وکیل نے جواب دیا کہ میڈیا پر پہلے ہی معاملہ چل چکا ہے اور ملزم کی سبکی ہو چکی ہے۔

آج ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے وکیل کی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی اور کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

install suchtv android app on google app store