اسلام آباد کی سیشن عدالت نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور وکیل کی وارنٹ معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ جاری کیے، تاہم ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
عدالت کی جانب سے ہدایت دی گئی کہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے 17 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عدالتی حکم کے بعد ملزم کے وکیل راجہ ظہور الحسن کو عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا گیا اور کہا گیا کہ میرے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
جج مبشر حسن چشتی نے کہا کہ ملزم پیش کیا جائے، وارنٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔
وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ اب یہ میڈیا پر بھی چل چکا ہے، ملزم کی سبکی ہو گئی۔
فاضل جج نے کہا کہ میڈیا کو کیا بتایا جا سکتا ہے؟ کوئی جونیئر آ کر تاریخ لے لیتا تو کیس رکھا جا سکتا تھا، اور وکیل کی وارنٹ معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی گئی۔
یاد رہے کہ 19 جولائی 2025 کو بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔
اور انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن نے دو صفحات کا تحریری آرڈر جاری کیا تھا، عدالت نے علی امین گنڈا پور کی حاضری سے استنی کی درخواست مسترد کی اور وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔