مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق ضلع کلگام میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ شہادتیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ہوئیں جن میں بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بھی معطل کر دیں۔
کشمیر میڈیا سروس نے مزید بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارتی فوج کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 10 کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔
ان کارروائیوں کو کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے جبکہ مقامی آبادی پر تشدد، جعلی مقابلوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
کلگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کو دینے کے بجائے پولیس کے حوالے کر دی گئیں جس سے ورثا کو اپنے پیاروں کی تدفین کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حریت رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔