وزیراعظم نوازشریف نےعطا آباد ٹنل کاافتتاح کردیا

وزیراعظم نوازشریف سچ ٹی وی اسکرین گریب وزیراعظم نوازشریف

وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں عطا آباد جھیل پر شاہراہِ قراقرم کی بحالی کے لیے تعمیر کی گئی سرنگ کا افتتاح کردیا ہے.

7 کلومیٹر طویل یہ 5 سرنگیں، شاہراہِ قراقرم کے اُس 24 کلومیٹر حصے میں شامل ہیں جو جنوری 2010 میں مٹی کا تودہ گرنے کی وجہ سے تباہ ہوگیا تھا.

ذرائع کے مطابق 2 پل اور 78 چھوٹے پل بھی شاہراہ قراقرم کی تعمیر نو منصوبے کا حصہ ہیں، جنھیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے چینی کمپنی کے اشتراک سے تعمیر کیا ہے.

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے وزیراعظم نواز شریف کو عطا آباد سرنگ کے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی جسے 3 سال 2 ماہ کے عرصے میں مکمل کیاگیا ہے۔

اس موقع پر وزیر برائے امورِ کشمیر اور گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمٰن اور چین کے سفیر سن ویڈونگ بھی موجود تھے.

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف جب گلگت پہنچے تو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو علاقے میں جاری دوسرے منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

یاد رہے کہ جنوری 2010 میں عطا آباد میں مٹی کے تودے گرنے سے 30 کلو میٹر طویل قدرتی جھیل تخلیق ہو گئی تھی، اس جھیل نے شاہراہ قراقرم کے ایک بڑے حصے کو نقصان پہنچایا تھا، جس سے پاکستان اور چین کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا.

ذرائع کے مطابق 5 سال کی مشترکہ کوششوں سے جھیل کے ساتھ پاک چین دوستی میں حائل بلندو بالا پہاڑوں کو کاٹ کر خوبصورت سرنگ کا عجوبہ تخلیق کیا گیا ہے، جس پر 275 ملین ایکی ڈالر کی لاگت آئی ہے۔

install suchtv android app on google app store