الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 مقرر کردی۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 مقرر کردی گئی ہے اور الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت گوشوارے جمع کرانا لازمی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ اراکین کو شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثے بھی ظاہر کرنا ہوں گے، جبکہ گوشوارے مجوزہ فارم-بی میں الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 31 دسمبر تک گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام یکم جنوری کو شائع کیے جائیں گے اور 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی رکنیت معطل کر دی جائے گی، جبکہ معطل اراکین پارلیمنٹ یا اسمبلی کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ گوشواروں میں غلط معلومات دینے والے ممبران کے خلاف 120 دن میں کارروائی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فارم-بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ، صوبائی دفاتر اور اسمبلی سیکرٹریٹس سے مفت دستیاب ہیں جبکہ یہ فارم فارم بی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔