دبئی سے فیصل آباد جانے والی پرواز میں ایک مسافر کی اچانک موت کے بعد جہاز نے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ ائیرپورٹ حکام کے مطابق، دو مسافروں کی طبیعت خراب ہونے پر ایک پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی جبکہ دوسری پرواز کو روک دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ دبئی فیصل آباد کی پرواز لاڑکانہ کے قریب تھی جب ایک مسافر کی طبی حالت بگڑ گئی۔
پائلٹ نے اے ٹی سی کراچی کو ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا اور مسافر کے بے ہوش ہونے پر پرواز کا رخ فوری طور پر کراچی کی طرف موڑ دیا۔
میڈیکل ایمرجنسی ٹیم نے لینڈنگ کے بعد مسافر کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور انتقال کر گیا۔
دوسری جانب کراچی سے دبئی کی پرواز میں سوار 3 سالہ بچی کی طبیعت انتہائی خراب ہوگئی اور شدید بخار میں مبتلا بچی بے ہوش ہوگئی جس پر عملے نے میڈیکل ایمرجنسی ٹیم کو آگاہ کیا۔
حکام نے بتایا کہ شدید بخار سے حالت انتہائی خراب ہونے پر بچی زہرا کو نجی سپتال منتقل کردیا گیا۔