ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے کمانڈر ترک فضائیہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اوغلو کی قیادت میں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر وفدکا پرجوش انداز میں استقبال کیا گیا اور پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے ترک فضائیہ کے کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا- ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال، جاری دفاعی تعاون میں پیش رفت اور جدید جنگ کے نئے شعبوں میں مشترکہ شمولیت کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دوران ملاقات ایئر چیف مارشل نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مذہبی عقائد، مشترکہ امنگوں اور اسٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا، جو دونوں ممالک کو مزید قریب لا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترک کیڈٹس کے پہلے گروپ کی پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں تربیت کے لیے آمد دونوں فضائی افواج کے برادرانہ تعلقات میں ایک سنگ میل ہے۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، جو باہمی اعتماد اور آئندہ نسل کے فضائی جنگجوؤں کی تیاری کے مشترکہ وژن کو اجاگر کرتا ہے۔
دونوں کمانڈرز نے مشترکہ تربیت، باہمی مشقوں اور کثیر الجہتی آپریشنز پر خصوصی توجہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ضیا جمال قادی اوغلو نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران ایئر چیف کی بصیرت افروز قیادت میں پاک فضائیہ کی شاندار آپریشنل کارکردگی کو سراہا اور قومی خودمختاری کے پرعزم دفاع اور ہمہ وقت تیاری کی داد دی۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی آزمودہ حکمت عملیوں اور تنازع میں حاصل کامیابی سے کثیر الجہتی جنگ کے طریقۂ کار کے جامع ادراک میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ترک فضائیہ کی قیادت نے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے مابین عسکری کشیدگی سے اخذ شدہ آپریشنل اسباق کا مطالعہ کرنا چاہتی ہے تاکہ اپنے نظریے کو مزید مضبوط بنا سکے اور مجموعی تیاری میں اضافہ ہو۔
ترک کمانڈر نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی بھرپور تعریف کی اور پاک فضائیہ کی جانب سے فضائی و خلائی شعبے میں اختراعات، تکنیکی ترقی اور خود انحصاری کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات میں فریقین نے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور مشترکہ علم و مہارت کی بنیاد پر ایک متحد ٹیم کے طور پر آگے بڑھنے کے عزم کو دہرایا۔
ترک فضائیہ کے کمانڈر کا اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ دونوں برادر ممالک کے اس باہمی عزم کی علامت ہے کہ وہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دیں، دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مستحکم کریں اور پاکستان و ترکی کی مسلح افواج کے مابین دیرپا ادارہ جاتی تعلقات کو فروغ دیں۔