چیف آف دی ایئر اسٹاف پاکستان ایئر فورس ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نے اپنے سرکاری دورہ رومانیہ کے دوران رومانیہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے ملاقات کی، اس دورے کا مقصد دونوں فضائی افواج کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانا اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا تھا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق رومانیہ کی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر رومانیہ کی فضائیہ کے ایک چاق چوبند دستے نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں ایئر چیف نے لیفٹیننٹ جنرل بارابوئی سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں آپریشنل تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی، جس میں مشترکہ فضائی مشقیں، تبادلہ پروگرامز اور فضائی و زمینی عملے کی تربیت شامل تھی۔
دونوں فضائی سربراہان نے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی اور علاقائی استحکام کے لیے دوطرفہ تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل بارابوئی نے بھارتی جارحیت کے خلاف حالیہ کامیابیوں میں پاکستان ایئر فورس کے پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی۔ انہوں نے ایئر چیف کی بصیرت افروز قیادت میں مقامی سطح پر دفاعی صنعت کی ترقی اور خود انحصاری کے اقدامات کو بھی سراہا۔
دونوں فضائی سربراہان نے مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پائیدار تعاون کے مضبوط ادارہ جاتی طریقہ کار قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ایئر چیفس نے فضائی افواج کے درمیان تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے اور جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں دفاعی صنعتی شراکت داری کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا یہ دورہ پاکستان اور رومانیہ کے مابین فوجی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو تیزی سے بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں امن، ترقی اور عسکری تعاون کے لیے دونوں ممالک کے دیرینہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔