ایف آئی اے لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ حالیہ کارروائی میں دو ملزمان کو کرنسی سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت جنید علی اور سیف الرحمن کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں بادامی باغ لاہور کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
دونوں ملزمان حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور اس نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔