وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر ایف آئی اے کے نام سے واٹس ایپ پر جعلی اور من گھڑت ایف آئی آرز بھیج کر عوام کو ہراساں کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ان جعلی ایف آئی آرز میں شہریوں کو جھوٹے مقدمات میں نامزد کر کے خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ عناصر فرضی نام اور جعلی شناخت استعمال کر کے خود کو ایف آئی اے کے اہلکار ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان پیغامات میں ’’سائبر کرائمز‘‘ اور ’’دہشت گردی‘‘ جیسے سنگین الزامات لگا کر شہریوں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ سراسر غیر قانونی اور قابل گرفت اقدام ہے۔ ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ادارہ کسی بھی شہری کو واٹس ایپ یا سوشل میڈیا کے ذریعے اس نوعیت کا پیغام نہیں بھیجتا۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کو اس قسم کا مشکوک پیغام یا رابطہ موصول ہو تو فوری طور پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی میں شکایت درج کروائیں، جو سائبر کرائم کی تحقیقات کی مجاز اتھارٹی ہے۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے فراڈ سے ہوشیار رہیں، کسی بھی مشتبہ فرد سے ذاتی یا مالیاتی معلومات شیئر نہ کریں۔ مزید معلومات اور مدد کے لیے ایف آئی اے کی ہیلپ لائن 1991 پر رابطہ کریں۔