لاہور میں اقرا کنول، ندیم مبارک اور حسنین شاہ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے سنگین کارروائی کرتے ہوئے تین مقدمات درج کر دیے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ان پر غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ ایپلیکیشنز کی تشہیر کے الزامات ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو تفتیش کے لیے تین بار طلب کیا گیا، مگر وہ جان بوجھ کر ایجنسی کے دفتر حاضر نہیں ہوئے۔
ادارے کے مطابق یہ انفلوئنسرز عوام کو فائدے کے جھوٹے وعدے دے کر غیر قانونی ایپس میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مقدمات ان کے عوام کو دھوکہ دینے اور غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں درج کیے گئے ہیں۔
سائبر کرائم کے ماہرین کے مطابق ایسے واقعات میں اضافے کے بعد این سی سی آئی اے نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی سرگرمیوں پر خصوصی نگرانی شروع کر دی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ وہ عوام کو مالیاتی دھوکا دہی سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب ملک بھر میں سائبر جرائم کے خلاف مہم تیز کی گئی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو دھوکا دینے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔