سینئر اداکار محمد احمد کا ہائی وے پر چرس پینے والے ڈرائیورز سے متعلق اہم انکشاف

سینئر اداکار محمد احمد فائل فوٹو سینئر اداکار محمد احمد

سینئر اداکار محمد احمد کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کی وجہ سے لمبے فاصلے کے ڈرائیورز نے چرس پینا کم کر دیا ہے۔ محمد احمد نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری، سوشل میڈیا اور اپنے تجربات پر بات کی۔

اداکار نے کہا کہ پاکستان میں معیاری ڈرامے بنائے جاتے ہیں، لیکن ان کی تعداد بہت کم ہے کیونکہ ان کے موضوعات عموماً صرف علم رکھنے والے افراد سمجھ پاتے ہیں، اور اسی وجہ سے ان کی ریٹنگز بھی کم آتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے برعکس زیادہ تر ڈرامے ایسے موضوعات پر مبنی ہوتے ہیں جن میں کوئی خاص پیغام نہیں ہوتا، لیکن ان کی ریٹنگز زیادہ ہوتی ہیں۔

محمد احمد نے ڈرامہ انڈسٹری میں معاہدوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ تقریباً 90 فیصد معاہدے پروڈیوسرز کے حق میں ہوتے ہیں، جبکہ لکھاریوں اور اداکاروں کے لیے کم مواقع ہوتے ہیں۔

پروگرام کے دوران انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنا ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پر ان کی ویڈیوز پر مثبت تبصرے کم آتے تھے اور بعض لوگ منفی کمنٹس کرتے ہوئے انہیں ان کی عمر کا طعنہ دیتے تھے، جب کہ وہی ویڈیوز انسٹاگرام پر پوسٹ کرنے پر ایسا کم ہوتا ہے۔

انہوں نے ٹک ٹاک کے حوالے سے کہا کہ اس پلیٹ فارم کی وجہ سے ہائی وے پر سفر کرنے والے ڈرائیورز نے چرس پینا کم کر دیا، کیونکہ وہ گاڑی روک کر ویڈیوز بناتے یا پھر انہیں پوسٹ کیا کرتے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہائی وے پر سفر کے دوران بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیوز بہت خوبصورت ہوتی ہیں۔

محمد احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بدولت دیہی علاقوں سے کئی تخلیقی لوگ سامنے آئے، جن کی ویڈیوز منفرد اور دلچسپ ہوتی ہیں۔

install suchtv android app on google app store