پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران سندھ پولیس کے جوانوں کی بہادری کو موضوع بناتے ہوئے دستاویزی فلم کا پریمیئر جاری کر دیا گیا ہے۔ روا ڈاکیومینٹری فلمز کی تیار کردہ یہ فلم 'دی پولیس اسٹوری' کراچی کے ایک سینما میں پیش کی گئی۔
جس میں آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن اور اسٹاک ایکسچینج حملے کو ناکام بنانے والے ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے جوانوں سمیت دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔
پریمیئر کے موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں پولیس کے اچھے کام کو اکثر اجاگر نہیں کیا جاتا۔
جبکہ دیگر ممالک میں پولیس اور حفاظتی فورسز کے کام پر فلمیں اور سیریز بنائی جاتی ہیں۔
اس سے ادارے میں کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ یہ ڈاکیومینٹری پولیس کی غیر معمولی کارکردگی کو اجاگر کرتی ہے، پولیس اہلکاروں نے چند منٹ میں دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ملک کو بڑی تباہی سے بچایا تھا۔
یاد رہے کہ 29 جون 2020 کو دہشت گردوں نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا مگر سندھ پولیس کے ریپڈ رسپانس فورس کے جوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر اس حملے کو ناکام بنایا تھا۔