اداکارہ مومنہ اقبال کا کہنا ہے کہ آج کل کے مرد اپنے رویے میں بعض اوقات ناراض عورتوں جیسے لگتے ہیں۔ ’فوشیا میگزین‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور تعلقات پر کھل کر گفتگو کی۔
مومنہ نے بتایا کہ وہ اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کے ساتھ بہترین تعلق رکھتی ہیں، اور ان کے بھائی بھی ہمیشہ محبت اور عزت سے پیش آتے ہیں۔
اداکارہ نے ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں جب وہ ڈپریشن کا شکار تھیں تو ان کے چھوٹے بھائی نے ان کے لیے گجرے لے کر انہیں خوش کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی ہمیشہ ان اور چھوٹی بہن کا بہت خیال رکھتے ہیں، اسی وجہ سے ان کے نزدیک شادی کے لیے کسی کو پسند کرنا مشکل ہے کیونکہ بھائیوں کی محبت اور پروٹوکول کی جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا۔
مومنہ اقبال نے مزید کہا کہ ان کا چھوٹا بھائی صرف 19 سال کا ہے لیکن انہیں ہر لمحہ سہارا دیتا ہے، حتیٰ کہ گاڑی میں بیٹھتے وقت بھی دروازہ کھولتا ہے۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ اکثر سوچتی ہیں شاید وہ شادی نہ کریں، کیونکہ ان کے بھائیوں نے انہیں جو پروٹوکول دیا ہے وہ دراصل والد سے ورثے میں ملا ہے۔
محبت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے مومنہ اقبال نے کہا کہ انہیں زندگی میں ایک بار شدید محبت ہوئی تھی لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر وہ رشتہ ختم ہوگیا۔
اب وہ دوبارہ محبت نہیں کرنا چاہتیں کیونکہ ان کے مطابق جب سامنے والا کمظرف ہو تو چیزیں ختم ہوجاتی ہیں۔
ان کا ماننا ہے کہ آج کل کی عورتوں نے مردوں کو مرد رہنے نہیں دیا، خواتین کے ناز نخرے اٹھانے کے باعث اب مرد بھی ناراض عورتوں کی طرح رویہ اختیار کرتے ہیں اور اپنی اصل شخصیت برقرار نہیں رکھ پا رہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب انہیں محبت ہوئی تھی تو وہ سمجھتی تھیں کہ سامنے والا ان کا خیال رکھے گا۔
لیکن جب اسی شخص نے ان کے خواب توڑ دیے تو انہیں یقین ہوگیا کہ محبت نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی، اب وہ یہ ماننے لگی ہیں کہ کوئی بھی شخص کسی کا محافظ نہیں ہوتا۔