جوئے کی ایپس کی پروموشن کیس میں یوٹیوبراقرا کنول کو نوٹس جاری

این سی سی آئی اے لاہور نے مشہور یوٹیوبر اور ٹک ٹاک اسٹار اقرا کنول کو جوا کھیلنے والی ایپلیکیشنز کی پروموشن کے سلسلے میں طلب کر لیا فائل فوٹو این سی سی آئی اے لاہور نے مشہور یوٹیوبر اور ٹک ٹاک اسٹار اقرا کنول کو جوا کھیلنے والی ایپلیکیشنز کی پروموشن کے سلسلے میں طلب کر لیا

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے مشہور یوٹیوبر اور ٹک ٹاک اسٹار اقرا کنول کو جوا کھیلنے والی ایپلیکیشنز کی پروموشن کے سلسلے میں طلب کر لیا ہے۔

این سی سی آئی اے نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے رجب بٹ کے بعد اقرا کنول کو بھی نوٹس جاری کیا ہے، جبکہ سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ پہلے ہی زیر تفتیش ہیں۔

تحقیقات 28 اگست سے جاری ہیں اور اب تک اقرا کنول کو دو نوٹسز موصول ہو چکے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے دیگر یوٹیوبرز کی طرح سوشل میڈیا پر جوا ایپس کو فروغ دیا۔

ایجنسی نے پہلے ہی یوٹیوبر رحمان اور مدثر حسن کو گرفتار کیا تھا، جن پر یہ الزام تھا کہ وہ لوگوں کو غیر قانونی سرمایہ کاری کے لیے جوا ایپس کی طرف راغب کر رہے تھے۔

اقرا کنول کے علاوہ رجب بٹ اور محمد انس کو بھی 9 ستمبر کو لاہور دفتر میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

این سی سی آئی اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر اقرا کنول پیش نہ ہوئیں تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

اقرا کنول نے اپنے وکیل، بیرسٹر میاں علی اشفاق کے ذریعے تحریری جواب جمع کروایا ہے۔

انہوں نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ وہ حاملہ ہیں اور جلد ماں بننے والی ہیں، اس حالت میں وہ حاضر نہیں ہوسکتیں، ڈاکٹرز نے بھی کم از کم دو ماہ کے آرام کی ہدایت کی ہے۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ صحت یاب ہونے کے بعد اقرا کنول تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گی اور تمام ریکارڈ فراہم کریں گی۔

ان کے وکیل نے درخواست کی ہے کہ انہیں کم از کم دو ماہ کی مہلت دی جائے۔

بیرسٹر اشفاق نے تصدیق کی کہ جواب 2 ستمبر کو تیار کیا گیا اور بعد میں قانونی حکمتِ عملی کے تحت جمع کرایا گیا۔

install suchtv android app on google app store