پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں آج بھی بالی ووڈ کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ عاطف اسلم ان چند پاکستانی فنکاروں میں سے ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے ملک بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی آواز سے منفرد پہچان بنائی۔ اپنی دلنشین گائیکی اور بلند سُروں کی بدولت وہ دنیا بھر میں مقبول ہیں۔
صرف انسٹاگرام پر ہی ان کے مداحوں کی تعداد 10.7 ملین سے زائد ہے جو ان کی شہرت کا ثبوت ہے۔
گزشتہ دنوں عاطف اسلم بیرونِ ملک کنسرٹس میں مصروف ہیں اور اس وقت وہ کینیڈا کے دورے پر ہیں جہاں وہ لگاتار پرفارم کر رہے ہیں۔
اسی دوران انہوں نے بھارتی نژاد کینیڈین میزبان اور صحافی فریدون شہریار کو ایک انٹرویو دیا جس میں پہلی بار کھل کر کہا کہ وہ بالی ووڈ کو یاد کرتے ہیں۔
عاطف اسلم نے کہا کہ پاکستان میں وسائل محدود ہیں اور بڑے گلوکار بھی زیادہ نہیں، لیکن اللہ کے کرم سے انہیں بالی ووڈ جیسا بڑا پلیٹ فارم ملا۔
"میں شکر گزار ہوں کہ دنیا کے اتنے بڑے پلیٹ فارم پر چمکنے کا موقع ملا۔ مجھے وہاں گزرے لمحات یاد آتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "آٹھ، دس سال ہو گئے ہیں بالی ووڈ میں ریکارڈنگ کیے ہوئے۔ وہاں پرفارم کرنے، اسٹوڈیوز میں گانے اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کو دل کرتا ہے۔
جا تو نہیں سکتا لیکن اس کی کمی ضرور محسوس ہوتی ہے۔"
عاطف اسلم نے دبئی میں وشال شیکھر کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی یاد کیا اور بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار مدھم سُروں میں گایا تو سامعین کے لیے ایک نیا جادو تخلیق ہوا۔
اس موقع پر انہوں نے سلمان خان کے لیے گائے گئے اپنے مشہور گانے کا ذکر بھی کیا۔
نغمے کے بول بھی کمال کے تھے۔ سلمان خان کے لیے گانا ہمیشہ خوشی کی بات ہے، وہ شاندار شخصیت کے مالک ہیں۔
جہاں ایک طرف مداحوں نے عاطف کی اس کھلے دل سے کی گئی باتوں کو پسند کیا، وہیں سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے ناراضگی بھی ظاہر کی۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ پاکستانی فنکار بولی وڈ کی تعریف کرنے سے باز نہیں آتے۔ کچھ صارفین نے عاطف اسلم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عاطف اسلم کو عدنان سمیع کی طرح بھارتی شہریت لے لینی چاہیے۔