نئے ویزا قوانین نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نیوزی لینڈ میں آنا نہ صرف آسان بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ فائدہ مند بنا دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی حکومت نے اپنی معیشت کو تقویت دینے اور عالمی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے ویزا قوانین میں اہم تبدیلیاں کی ہیں جو غیر ملکیوں کے لیے پرکشش مواقع پیدا کرتی ہیں۔
ان تبدیلیوں کا اطلاق یکم اپریل 2025 سے ہوگا اور اس کے تحت دو نئی اقسام کی سرمایہ کاری کو تسلیم کیا گیا ہے، جن میں ترقیاتی سرمایہ کاری اور متوازن سرمایہ کاری شامل ہیں۔
نئے قوانین کے تحت سرمایہ کاروں کو اپنی کل سرمایہ کاری میں سے کم از کم پچھتر فیصد رقم شیئر مارکیٹ یا بانڈز میں لگانی ہوگی جبکہ باقی رقم یعنی زیادہ سے زیادہ پچیس فیصد کسی مقامی بینک میں محفوظ رکھی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ، پہلی مرتبہ سرمایہ کاروں کو نیوزی لینڈ میں پراپرٹی ڈیولپمنٹ کے منصوبوں میں براہ راست سرمایہ کاری کی اجازت دے دی گئی ہے، جو کہ اس سے پہلے ممکن نہیں تھا۔
مزید یہ کہ، اب سرمایہ کاروں کے نومولود بچے بھی نیوزی لینڈ میں مستقل رہائش کے اہل ہوں گے۔ انگریزی زبان پر عبور کی شرط کو بھی ختم کر دیا گیا ہے تاکہ مختلف زبانیں بولنے والے سرمایہ کار بھی باآسانی اس نظام سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ویزا کے لیے درکار سرمایہ کاری چھ ماہ کے اندر مکمل کرنا ہوگی، تاہم درخواست دے کر چھ ماہ کی اضافی مہلت بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ، آن لائن درخواست دینے کا عمل جاری رہے گا لیکن اسے نئے قواعد کے مطابق مزید سادہ اور مؤثر بنایا جا رہا ہے، تاکہ درخواست گزار کسی مشکل کا شکار نہ ہوں۔
یہ نرمی نہ صرف سرمایہ کاروں کے لیے اقتصادی مواقع پیدا کرتی ہے بلکہ ان کے خاندانوں کے لیے مستقل رہائش اور مستقبل کے بہتر امکانات بھی فراہم کرتی ہے۔