عالمی فوجداری عدالت سے اسرائیلی وزیراعظم کی وارنٹِ گرفتاری کا امکان

 اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو فائل فوٹو اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو

بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم، وزیر دفاع اور اسماعیل ہنیہ سمیت حماس کے تین رہنماؤں کے وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی فوجداری عدالت(ICC) کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے کہا ہے کہ انھوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو، وزیر دفاع یوو گیلنٹ اور حماس کے رہنماؤں یحییٰ سنوار، محمد دیف اور اسماعیل ہنیہ کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے۔

بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے چیف پراسیکیوٹر کے بقول یہ اقدام انھوں نے غزہ میں گزشتہ 7 ماہ سے جاری جنگ کے تناظر میں اُٹھایا جس میں اب تک 40 ہزار کے قریب قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوچکا ہے۔

آئی سی سی چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے مزید کہا کہ اسرائیل حماس جنگ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں، معصوم شہریوں کی اموات اور املاک کا نقصان کے ساتھ ساتھ عالمی امدادی تنظیموں کی اہلکار بھی مارے گئے۔

کریم خان کے بقول اس جنگ سے لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے، خواتین اور بچے جن کا جنگ میں کوئی کردار نہیں تھا ان کا سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے، صحت کے مراکز تباہ ہوگئے اور انفرااسٹریکچر کھنڈر بن گئے۔

یاد رہے کہ امریکی سینیٹرز نے اپنے صدر جوبائیڈن کو ایک دھمکی آمیز خط لکھا تھا جس میں ان سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ممکنہ گرفتاری سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ عالمی عدالت فوجداری کو سبق سیکھانا ہوگا۔

install suchtv android app on google app store