غزہ کی تباہی کو بھلا کر سماجی انصاف اور ترقی کا خواب ادھورا رہے گا: آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری فائل فوٹو صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ، قطر میں منعقدہ عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کا احترام اور سماج میں برابری کو یقینی بنانا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس سماجی انصاف، مساوات اور انسانی احترام کے اصولوں کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان ان اصولوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ایسی دنیا کا خواہاں ہے جہاں غربت کا خاتمہ ہو اور ہر شخص کو باعزت روزگار کے مساوی مواقع میسر ہوں۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان پالیسی سازی میں عوام کو مرکزی حیثیت دینے کا حامی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو دنیا بھر میں ایک مؤثر سماجی تحفظ کے ماڈل کے طور پر سراہا گیا ہے۔

پاکستان اپنے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ بین الاقوامی مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ پانی ہر انسان کا بنیادی حق ہے، لیکن پاکستان کو سرحد پار سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیے جانے کے خطرے کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کے نتیجے میں کروڑوں پاکستانیوں کو پانی سے محروم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

اپنے خطاب میں صدر زرداری نے کہا کہ دوحہ اعلامیے پر عملدرآمد کے لیے دنیا کو برابری، احترام اور ہمدردی کے اصولوں کے گرد متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے زور دیا کہ ہر بچے کو تعلیم اور ہر ماں کو صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔

صدر زرداری نے کہا کہ سماجی ترقی کا خواب غزہ میں جاری نسل کشی اور انسانی المیے کو نظرانداز کرکے پورا نہیں ہوسکتا۔ عالمی برادری کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ حالیہ جنگ بندی مستقل امن اور انصاف پر منتج ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کے مسائل ایک سکے کے دو رخ ہیں، اور ان تنازعات کا پائیدار حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ممکن ہے۔

install suchtv android app on google app store