نومبر کا آغاز ہوتے ہی دھندلےخنک موسم نے پورے ملک کو اپنے حصار میں جکڑ لیا ہے، بادلوں کی آمداور ٹھنڈی ہواوں نے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے وہیں جاڑے کی حسین رت نے ماحول کو بھی خوشگوار بنا دیا ہے،
موسم سرما کے گزرتے لمحوں نے انگڑائی لینا کیا شروع کی چار سو خنک فضاووں نے ڈیرہ جما لیا ہے، سرد موسم کے سرمئی بادل سنہری کرنوںسے خوب آنکھ مچولی کھیل رہے ہیں،آج کل کالی گھٹائیں ملک بھر میں جاڑے کی حسین رت کوتازگی بخش رہی ہیں، ہر کوئی منتظرہے سرما کی برسات کا،ٹھنڈک کا احساس اوربدلتے موسم جہاں قدرتی مناظر کو حسن و رعنائی بخشنے کا سببہیں وہیں جاڑے کی رونقیں چہرے کھلا رہی ہے، آج کل اسلام آباد سمیت بالائیعلاقوں میں سردموسم اپنے جوبن پردکھائی دے رہا ہے،سندھ اور بلوچستان میں رات کے اوقات میں موسم خاصہ سرد جبکہ گلگت بلتستان کے علاقوں ہنزہ نگر، استور اورغذر میں بھی جاڑہ عروج پر ہے جبکہ رات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر جاتا ہے،مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی سردی نے پنجے گاڑھے تو قہوے کی چسکیوں میں حسین داستانوں کا بیان نمایاں ہوا اورگرم کپڑوں کی یاد ستانے پر مجبور ہوگئی، سندھ اور بلوچستان میں دن میں موسم گرم اور رات میں ہلکی سردی ہے،نومبرشروع ہوتےہی ملک کےبیشتر حصے سردی کی لپیٹ میں ہیں، متعددعلاقوں میں ہلکی بار ش کے بعدموسم اور بھی خنک ہو گیا ہے،موسم کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لکڑی کی قیمتوں اور گرم تاثیر والی غذائیت سے بھرپورمچھلی کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، تاہم مہنگائی اور قیمتوں کا رونا اب بھی برقرار ہے، کوہ سفید اور ملحقہ پہاڑوں پر برفباری کے بعد ملک بھر میں جاڑے کی خشک اور ٹھنڈی ہوائیں کئی طرح کی بیماریوں کا سبب بھی بن رہی ہیں جن میں قابل ذکر دمہ کی بیماری ہے، تاہم سرما رت کے حسن سے کسی صورت انکار ممکن نہیں ہے، اگر صحت بحال رکھنی ہو تو سرد موسم کا لطف اٹھائیں مگر احتیاط کے ساتھ ،