اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں رات بھر تیز بارش، رین ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش فائل فوٹو اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش

اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ نالہ لئی اور دیگر ندی نالوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 8 فٹ جبکہ گوالمنڈی پر 7 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔

جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جن میں سیدپور میں سب سے زیادہ 90 ملی میٹر، شمس آباد میں 80 ملی میٹر اور کٹاریاں میں 55 ملی میٹر بارش ہوئی۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ پشاور، صوابی، مردان، وادی کاغان، بالاکوٹ اور بٹ خیلہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے.

جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔

install suchtv android app on google app store