اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
لاہورمیں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، مریدکے ،گوجرانوالہ،گوجرخان اورملتان میں بھی بادل خوب برسے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایف-سکس ، جی-سکس، جی-سیون، ایف-ایٹ ، ایف-نائن، آئی- ایٹ، بنی گالہ، ترامڑی اور بہارہ کہو سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی کے علاقے فیض آباد، ڈبل روڈ، کری روڈ، کھنہ پل، سکس روڈ اورسیٹلائٹ ٹاؤن اورصادق آباد میں بھی بادل خوب برسے،لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، گوالمنڈی، گڑھی شاھو، دھرم پورہ، ریگل مال روڈ، کینٹ، فیصل ٹاؤن اور ٹاؤن شپ میں بھی بارش ہوئی۔
پنجاب کے کئی دیگر شہروں میں بھی بوندا باندی ہوئی، خیبرپختونخوا میں لوئر دیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جبکہ مینگورہ شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادَھار بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مزید خنکی اور خوشگوار موسم کی نوید ہے۔