نوکیا کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ کمپنی نے اپنی مضبوطی اور پائیداری کے لیے مشہور فون کو ایک نئے انداز میں دوبارہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی اپنے معروف موبائل نوکیا 800 ٹف کو ایک تازہ مگر مانوس انداز میں مارکیٹ میں پیش کرنے جا رہی ہے۔
نوکیا کے موبائل فونز تیار کرنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی نے تقریباً چھ سال بعد اس فون کا نیا ماڈل پیش کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے، جو 2019 کے ورژن کے ڈیزائن اور خصوصیات سے متاثر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نیا ماڈل اپنی سابقہ طاقت اور مضبوطی برقرار رکھے گا، تاہم اس میں کچھ جدید تبدیلیاں شامل کی گئی ہیں تاکہ یہ موجودہ دور کی ضروریات اور صارفین کی توقعات پر پورا اتر سکے۔
فون کے ڈیزائن میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی۔ وہی مضبوط اور بھاری ساخت، ہاتھ سے نہ پھسلنے والا پچھلا حصہ اور محفوظ کنارے اس کی پہچان برقرار رہیں گے۔
تاہم، سب سے نمایاں جدت پرانے چارجنگ پورٹ کی جگہ نیا یو ایس بی-سی پورٹ کا شامل ہونا ہے، جس سے چارجنگ مزید تیز اور آسان ہو جائے گی۔
سافٹ ویئر کے لحاظ سے بھی نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔
اب اس میں کائی او ایس 3.1 شامل ہوگا جو پچھلے ورژن کی نسبت بہتر کارکردگی فراہم کرے گا۔
اس کے نتیجے میں ایپس زیادہ روانی سے چلیں گی جبکہ واٹس ایپ اور گوگل میپس جیسی سہولیات کے استعمال میں بھی آسانی آئے گی۔
یہ نیا ماڈل اپنی پائیداری کے لیے بھی جانا جائے گا۔ اسے پانی اور مٹی سے محفوظ رکھنے کے لیے آئی پی 68 معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
جبکہ ملٹری گریڈ ایم آئی ایل ایس ٹی ڈی 810 سرٹیفیکیشن حاصل ہے، جس سے یہ جھٹکوں اور گرنے سے بھی محفوظ رہتا ہے۔
یہ خصوصیات اسے کھلے ماحول میں کام کرنے والوں، مزدوروں اور مہم جو افراد کے لیے ایک قابلِ اعتماد فون بناتی ہیں۔
ابھی تک کمپنی نے قیمت اور لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ایچ ایم ڈی اپنے نئے ری برانڈنگ پلان کے تحت جلد اسے منتخب مارکیٹوں میں پیش کر سکتی ہے۔
یوں لگتا ہے کہ نوکیا کا یہ نیا ’’ٹف فون‘‘ ایک بار پھر ثابت کرے گا کہ اسمارٹ فونز کے دور میں بھی، کچھ چیزیں صرف مضبوط ہونے کی وجہ سے زندہ رہتی ہیں۔